بھارت کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے پہلے آسٹریلیا کے لیے مایوس کن خبر

آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان جاری بورڈر گواسکر ٹرافی کے دوسرے ٹیسٹ میچ سے قبل آسٹریلیا کو ایک بڑا دھچکا لگا ہے۔ آسٹریلوی فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ انجری کے باعث دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا نے اعلان کیا ہے کہ ہیزل ووڈ کی غیر موجودگی کو پورا کرنے کے لیے شین ایبٹ اور برینڈن ڈوگیٹ کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ تاہم، جوش ہیزل ووڈ ایڈیلیڈ میں ٹیم کے ساتھ رہیں گے۔

یاد رہے کہ بورڈر گواسکر ٹرافی کا دوسرا ڈے نائٹ ٹیسٹ 6 دسمبر سے ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا، جہاں بھارت کو 5 میچز کی سیریز میں ایک-صفر کی برتری حاصل ہے۔ دوسری جانب، بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے فاسٹ بولر محمد شامی کو ٹیم میں واپسی کے لیے سخت ڈیڈ لائن دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، محمد شامی کے پاس سلیکٹرز کو اپنی کارکردگی اور فٹنس سے قائل کرنے کے لیے ایک ہفتے سے بھی کم وقت باقی ہے تاکہ انہیں بارڈر گواسکر ٹرافی کے لیے منتخب کیا جا سکے۔

شامی حال ہی میں انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد کرکٹ میں واپس آئے ہیں اور اس وقت بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم کی سخت نگرانی میں ہیں۔ بنگال کے لیے اپنے پہلے رنجی ٹرافی میچ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد، ان کی سید مشتاق علی ٹرافی کے کچھ میچوں میں کارکردگی کا مزید جائزہ لیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق، شامی کو وزن کم کرنے اور اپنی مکمل فٹنس بحال کرنے کی ضرورت ہے۔ بی سی سی آئی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ دیکھنا ہوگا کہ وہ میڈیکل ٹیم پر انحصار کب ختم کر سکتے ہیں، جو اس وقت ہر اسپیل کے بعد ان کا علاج کر رہی ہے۔

میڈیکل ٹیم کا ماننا ہے کہ جیسے جیسے شامی میچز کھیلتے رہیں گے، ان کا وزن کم ہوگا اور برداشت میں اضافہ ہوگا، جس سے ان کی مجموعی کارکردگی بہتر ہو سکے گی۔

شئیر کیجئے اپنے دوستوں کے ساتھ

Facebook
Twitter
LinkedIn
WhatsApp
Email
اپنا تبصرہ لکھیں